پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت
اسلام آباد: پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین قاسم نون نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قاسم نون نے اسلام آباد میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اخلاقی، سفارتی اور دیگر تمام محاذوں پر کھڑا ہے۔کمیٹی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیریوں کے ساتھ خاص طوپر دفعہ 370اور35A کی منسوخی کے بعد ہونے والے غیر انسانی سلوک کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے بھی شرکت کی۔قاسم نون اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوتوا کے ایجنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد میں نظریہ پاکستان کومرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اجلاس کے اختتام پرکشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔