کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کا قائداعظم کوخراج عقیدت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے آج بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر اسلام آباد میں اپنے دفتر میں کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔
غلام محمد صفی اور سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے اس موقع پر کہا کہ قائداعظم ایک انتہائی زیرک اور دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی خاطر ایک علیحدہ وطن کیلئے مثال جدوجہد کی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دوقومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور یہی نظریہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بھی بنیاد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ برصغیر میں مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ درست تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت اقلیتیں خاص طور پر مسلمان غیر محفوظ ہیں ،بھارتی حکومت خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کی تحریک آزادی تحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے اور جموں وکشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے د ل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور” کشمیربنے گا پاکستان“ ہر کشمیری کی آواز ہے۔ غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کی حمایت کی ہے اور وہ مشکلات کے باوجود عالمی فورموں پر کشمیرکاز کیلئے اپنی آواز بھر پور طریقے سے بلند کر رہا ہے۔