محبوبہ مفتی کی طرف سے دفعہ 370کی بحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد پر زور
سرینگر12اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے دفعہ 370کی بحالی اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر زوردیا ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند ہو سکے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے جو جموں ڈویژن کی وادی چناب کے پانچ روزہ دورے پر ہیں ڈاک بنگلہ کشتواڑ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیاکہ ہم جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کراسکتے ہیں اور تنازعہ کشمیر کاحل یقینی بناسکتے ہیں تاکہ خطے میں خونریزی بند ہو ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ وہ اکیلے ایسا نہیں کرسکتیں کیونکہ ان کی آواز کمزور ہے اور انہیں اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کی ضرورت ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دفعہ370کی منسوخی کے ذریعے کشمیری عوام سے ان کی خصوصی حیثیت چھین لی گئی تھی اور چھینی گئی کسی بھی چیز کی واپسی کیلئے انتھک کوششیں کرنی پڑتی ہیں۔