سید علی گیلانی جدوجہدآزادی کی علامت تھے : ہلال وار
سرینگر 04 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ ہ جموں و کشمیر میں پیپلز پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین انجینئر ہلال احمد وار نے سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انہیں جدوجہدآزادی کی علامت قراردیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر ہلال وار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ گیلانی صاحب نے اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جس کے لئے کشمیری عوام ان کے عزم اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں ان کی خدمات اور کردار کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے سوگوار خاندان بالخصوص سید علی گیلانی کے بیٹوں ڈاکٹر نسیم اور ڈاکٹر نعیم سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیلانی بذات خود ایک تحریک تھے۔ سید علی گیلانی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انجنیئر ہلال وار نے کہا کہ وہ کشمیر کے ایک دیانتدار اور غیر متنازعہ رہنما تھے اور ان کے انتقال سے حریت کانفرنس میں ایک خلاءپیدا ہوگیا ہے جس کو پورا کرنا مشکل ہوگا۔