لندن: بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ
لندن: برطانیہ میں مقیم جنوبی ایشیائی تارکینِ وطن کی نمائندہ تنظیموں اور طلبہ گروپوں نے نئی دہلی میں جاری عوامی تحریک سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لندن میں واقع بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ایک ” احتجاجی مظاہرے” کا انعقاد کیا۔ اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں طلبہ اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی اور بھارت میں جمہوری حقوق، حقِ رائے دہی اور پرامن احتجاج کے حق کے تحفظ کے لیے جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرے کا اہتمام ساتھ ایشیا سالیڈیرٹی گروپ، کیمبرج ساتھ ایشین فورم اگینسٹ ہندوتوا، انڈین ورکرز ایسوسی ایشن اور سوآس (ایس او اے ایس )امبیڈکر سوسائٹی سمیت متعدد دیگر تنظیموں کی جانب سے مکیا گیا۔ شرکا نے نبھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس اجتماع کا بنیادی مقصد بھارت میں جاری احتجاج کے مطالبات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا تھا، جن میں بھارت کے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی )گیانیش کمار کی فوری برطرفی اور ملک بھر میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر)کے عمل کو منسوخ کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔ ساتھ ایشیا سالیڈیرٹی گروپ کی نمائندہ مکتی شاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ "یہ محض کسی ایک بدعنوان اہلکار کی برطرفی کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک وسیع عوامی بیداری اور تحریک ہے۔
برطانیہ میں ہمارے لیے اس آواز کو اٹھانا اس لیے بھی ناگزیر ہے کیونکہ موجودہ بھارتی حکومتی نظام عالمی سطح پر انتہائی دائیں بازو کی سیاست کا اہم حصہ ہے، جس کے اثرات اب اس ملک (برطانیہ )میں بھی تیزی سے محسوس کیے جا رہے ہیں۔مظاہرے کے دوران مختلف طلبہ رہنماں نے بھی شرکا سے خطاب کیا اور برطانیہ میں مقیم برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے عوام کے جمہوری حقوق کے دفاع کے لیے منظم ہوں۔
مظاہرین نے کتبے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ شرکا نے بھارت میں مظاہرین، صحافیوں اور وکلا کے خلاف مبینہ ریاستی جبر، پولیس تشدد اور جنسی ہراسانی کے واقعات کی سخت مذمت کی۔ لندن میں ہونے والا یہ مظاہرہ برطانیہ بھر میں جاری مہم کا حصہ تھا، اسی سلسلے میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی )یو کے چیپٹر نے کارڈف، لیڈز اور ایڈنبرا میں بھی اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی اجتماعات منعقد کیے۔







