بھارت کٹر پن، تعصب اور مذہبی بالادستی کے خطرے کی زد میں ہے ، وزیر اعلیٰ تامل ناڈو
چنیائی بھارت3فروری( کے ایم ایس)بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے سٹالن نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو کٹر پن ، تعصب اور مذہبی بلادستی کے خطرے کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایم کے سٹالن نے اپنے خط میں کہا کہ تعصب اور مذہبی بالادستی کی طاقتوں سے صرف اسی صورت مقابلہ کیا جاسکتا ہے جب مساوات، عزت نفس اور سماجی انصاف پر یقین رکھنے والے تمام لوگ متحد ہو جائیں۔انہوںنے اپنا یہ مکتوب 37رہنماﺅں کو روانہ کیا ہے جن میں سونیا گاندھی، لالو پرساد یادو، شردپوار، ممتابنرجی، ڈی راجہ، سیتا رام یچوری، این چندرا بابو نائیڈو، چندر سیکھر راﺅ، ادھو ٹھاکرے ، مقبوضہ جموں وکشمیر کے دو سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ ، محبوبہ مفتی اور دیگر شامل ہیں۔انہوںنے خط میں مزید لکھا کہ تمام رہنما ، مہذب سوسائٹی کے ارکان ، ہم خیال افراد اور تنظیموں کیلئے ” آل انڈیا فیڈریشن فار سوشل جسٹس“ ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہوگا تاکہ قومی سطح پر وفاقیت اور سماجی انصاف کے اصولوں کی خاطر جدوجہد کی جاسکے۔ وزیر اعلیٰ تامل ناڈو نے مزید لکھا کہ سماجی انصاف ایک نظریے کے طور پر بہت سیدھا سادا ہے جسکا مطلب ہر ایک کے لیے ہرچیز اور ہمارا ماننا ہے کہ ہر شخص یکسان معاشی ، سیاسی اور معاشرتی حقوق و مواقع کا حقدار ہے۔ ایم کے سٹالن نے مذکورہ پلیٹ فارم 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر تشکیل دیا ہے۔