بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کومسلسل جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے، رپورٹ
اسلام آباد 26 اگست (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں بے دردی سے مسلسل شہید کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنا فسطائی مودی حکومت کی کشمیریوں کو ہمیشہ کیلئے محکوم بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجی جوانوں کو ان کے گھروں، چوکوں، سڑکوں اور بازاروں سے اغوا کرتے ہیں اور انہیں دوران حراست لاپتہ کر دیتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ وہ مغوی نوجوانوں کو کنٹرول لائن کے قریبی علاقوں میں لے جا کر جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کے بعد انہیں عسکریت پسند قرار دیتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ لاپتہ افراد کے والدین کی ایسوسی ایشن کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے1989 سے اب تک 8ہزار سے زائد کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کیا ہے۔رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ان لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کے بعد گمنام اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا۔ مقبوضہ علاقے میں اب تک ہزاروں گمنام اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں اور یہ قبریںان لاپتہ کشمیریوں کی ہوسکتی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے جمعرات کو ضلع بارہمولہ کے علاقے ا±وڑی میں تین نوجوانوں کو ماورائے عدالت شہید کیا اور انہیں عسکریت پسند قرار دیا۔ فوجیوں نے منگل کے روز بھی ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے رواں برس 28 جون کو ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میں جعلی مقابلے میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا اور مقامی لوگوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ فوجیوں نے نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھایا اور بعد میں انہیں جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فوجیوں نے گزشتہ برس 29 جون کو سری نگر میں ایک کشمیری نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔ فوجیوں نے نوجوان کو شہر کے علاقے پارم پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران حراست میں لینے کے بعد شہید کیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے 13 دسمبر 2021 کو سری نگر کے علاقے رنگریٹ میں بھی دو کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کا قتل اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لینا چاہیے۔