مفرور شیخ حسینہ کاوطن واپسی کیلئے 16دسمبر کی تاریخ کا انتخاب پاکستان دشمنی کا واضح ثبوت
بطور وزیر اعظم انہوں نے 1971 کے واقعے کو پاکستان کیخلاف نفرت کی صنعت میں بدلے رکھا
نئی دلی:بنگلہ دیش کی مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی طرف سے وطن واپسی کیلئے 16دسمبر کی تاریخ کا انتخاب پاکستان دشمنی کا واضح ثبوت ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ناقدین کاکہنا ہے کہ ڈھاکہ سے ایک مفرور کی حیثیت سے بھارت فرار ہونے والی شیخ حسینہ واجد کی طرف سے 16دسمبر کی تاریخ کا انتخاب محض اتفاقی نہیں ہے ۔ بطور وزیر اعظم 15برس تک انہوں نے 1971میں پاکستان کے دو لخت ہونے کے واقعے کو پاکستان کے خلاف نفرت کی ایک صنعت میں بدلے رکھا؛ اسے مخالفین کو پھانسی دینے، معمولی سے اختلافِ رائے کو بھی کچلنے، اور بنگلہ دیش کو نئی دہلی کے زیر اثر رکھنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کیا۔
بنگلہ دیشی طلبہ نے شیخ حسینہ حکومت کے اس مذموم منصوبے کا خاتمہ کر دیا۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق شیخ حسینہ حکومت کے خلاف ہونے والے طلبہ کے احتجاج اور حکومتی کریک ڈائون کے دوران تقریبا 1,400سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے کریک ڈائون کا حکم دینے پر انہیں عدم موجودگی میں سزائے موت سنائی ہے۔ ڈھاکہ کا کہنا ہے کہ واپسی پر انہیں گرفتار کر کے جیل منتقل کیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے حوالگی کے بار بار مطالبے کے باوجود نئی دہلی نے انہیں پناہ دے رکھی ہے اور وہ واپسی پر سرکاری پروٹوکول کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
پاکستان کو شیخ حسینہ کی اس ڈرامے بازی کا بالکل کوئی خوف نہیں ہے۔ پاکستان بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے، نہ کہ حسینہ واجد کی متعصبانہ سیاست کا۔مفرور سابق ویراعظم کسی فاتح کے طورپر نہیں بلکہ ایک سزا یافتہ مفرور کے طورپر بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کی منتخب کردہ تاریخ پروطن واپس بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی ہیں ۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی زبردست عوامی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں۔ وہ گزشتہ دو برس سے زائد عرصے سے بھارت میں جلاوطن ہیں۔ بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈائون کا حکم دینے پر انہیں سزائے موت سنائی تھی۔مفرور شیخ حسینہ نے بھارت میں جلاوطنی کے بعد 16دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کا اعلان کیا ہے۔ تاہم بنگلہ دیش کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ واپسی پر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجاجائے گا ۔








