شوپیاں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی قابض افواج نے شوپیاں اور دیگر اضلاع میں ‘محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں’ شروع کی ہیں، جس کے دوران گھروں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور مکینوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے کئی دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ بھارتی فورسز نے ‘جماعت اسلامی’ کے اراکین کی رہائشگاہوں کی بھی تلاشی لی اور پوچھ گچھ کی۔
قابض افواج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی تلاشی لی ، جس سے مقامی لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے۔بھارتی فوجیوں نے جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع، بشمول اسلام آباد اور کولگام میں بھی تلاشی کی کارروائیاں کیں ۔
بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے علاقوں کرناہ اور ہندواڑہ کی فروٹ منڈی میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔
محاصرے اور تلاشی کی بار بار کارروائیوں نے کشمیری عوام کی مشکلات اور عدم تحفظ کے احساس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ قابض افواج کی جانب سے سڑکوں کو بند کرنے، نقل و حرکت محدود کرنے، گھر گھر تلاشی لینے اور لوگوں سے پوچھ گچھ کرنے کے باعث رہائشی اکثر اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ جاتے ہیں۔ اس صورتحال سے معمول کی زندگی، کاروباری سرگرمیاں اور ضروری خدمات تک رسائی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ اس طرح کی کارروائیاں خوف، ہراس اور غیر یقینی کی فضا پیدا کرتی ہیں، خاص طور پر خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر کمزور طبقوں کے لیے۔ کشمیری عوام کو اپنی نقل و حرکت کی آزادی اور پرائیویسی پر مسلسل پابندیوں کا سامنا ہے۔






