حسینہ واجد کی نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد
ڈھاکہ:بنگلہ دیشی حکومت نے بھارت میں مقیم سابق مفرور وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے ڈھاکہ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا ملک کسی دہشتگرد کو پاسپورٹ فراہم نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد مفرور مجرم ہیں اور بنگلہ دیش کا بھارت کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت حسینہ واجد کو ہمارے حوالے کرے۔
ہمایوں کبیر نے مزیدکہا کہ کیا ہمیں حسینہ سے عام مسافر جیسا برتا ئوکرنا چاہیے اور ان سے کہنا چاہیے کہ آئیں اور اپنے سسرالی گھر تشریف لے آئیں؟
یاد رہے کہ شیخ حسینہ نے بھارت میں اپنی خود ساختہ جلاوطنی سے وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست دی تھی۔
حسینہ واجدنے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا تھاکہ ان کا ارادہ وطن واپس آ کر عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ہے۔انکے معاونین کے مطابق مختلف دفتری اور قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ان کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے خلاف مہلک کریک ڈائون کا حکم دینے کے جرم میں انہیں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی تاہم جلاوطنی کے دوران شیخ حسینہ نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔








