بھارت :2026مسلمانوں کیلئے مہلک ترین سال ثابت ہوا
پہلے10 ماہ کے دوران مسلم مخالف واقعات میں 58مسلمان جاں بحق ہوئے
نئی دہلی:بھارت میں مسلم مخالف تشدد کے واقعات میں رواں سال جنوری سے اکتوبر تک کم از کم 58 مسلمانوں کو قتل کیاگیاہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سائوتھ ایشیا جسٹس کمپین کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2026 بھارت کے مسلمانوں کے لیے 2022 کے بعد مہلک ترین سال ثابت ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، رواں سال جنوری سے اپریل تک 17، مئی سے جولائی تک 25 اور اگست سے اکتوبر کے دوران 16مسلمانوںکو قتل کیاگیا۔ ان میں سے بیشتر واقعات بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں پیش آئے۔
رپورٹ میں بھارتی پولیس کے 118 جعلی مقابلوں اور نفرت انگیز تقاریر کے 146واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں مسلمانوں کی مساجد اور مکانات کی مسماری، مدارس کی بندش اور جبری بے دخلیوں کو بھی تشویش ناک قرار دیا گیا ہے۔
جنوری سے اپریل کے دوران کم از کم 18 بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں پر حملوں اور انہیں ہراساں کرنے کے 48سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں گائو رکھشا کے نام پر تشدد اور مسلمانوں کو بنگلہ دیشی قرار دینے جیسے واقعات بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق اگست سے اکتوبر تک پولیس نے جعلی مقابلوں میں 118مسلمانوں کو گولیاں مار کر زخمی بھی کیا۔ ان میں 105 واقعات ریاست اتر پردیش میں پیش آئے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک تحقیق کے مطابق 2020 سے اتر پردیش میں گائے کی اسمگلنگ کے الزامات پر پولیس فائرنگ کا نشانہ بننے والے تقریبا 650افراد میں سے 93 فیصد مسلمان تھے۔
دوسری جانب بھارت میں مسلمانوں کے انتخابی فہرستوں سے ناموں کے اخراج اورانکی جبری بے دخلیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ آسام میں اکتوبر کے دوران 1,100 سے زائد مسلم خاندانوں کوجبری بے دخل کیا گیا، جن میں بیشتر بنگالی زبان بولنے والے مسلمان تھے۔
دی نیو ہیومینیٹیرین کی تحقیق کے مطابق 2021 سے آسام میں کم از کم 33 بے دخلی کی کارروائیوں کے نتیجے میں 20ہزار387خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔









