مقبوضہ کشمیر : تلاشی کی کارروائیوں ، چھاپوں کا سلسلہ تیز، ضلع شوپیاں سے مزید 3نوجوان گرفتار
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے تلاشی کی کارروائیوں ، چھاپوں اور بلا جواز گرفتاریوںکا سلسلہ تیز کرتے ہوئے ضلع شوپیاں سے مزید تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز اور بھارتی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع کے علاقوں ناروا اور راولپورہ میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ابرار احمد میر، راسک احمد بھٹ اور سہیل احمد لون کو گرفتار کیا۔ فورسز حکام نے گرفتاریوں کا جواز پیش کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ زیر حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود، آزادی کے حامی پوسٹرز اور دیگر اشیا برآمد ہوئی ہیں۔گرفتار نوجوانوںکے خلاف شوپیاں تھانے میں کالے قانون ”یو اے پی اے” کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔
قبل ازیں بھارتی پولیس نے جموں خطے کے اضلاع راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ میں” وی پی این ” کے استعمال کے الزام میں دو خواتین سمیت بارہ افراد کوگرفتار کر لیا تھا۔
کشمیریوں کی مختلف بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتاریاں بھارتی فورسز کا معمول ہے۔ تجزیہ کاررواں اور مبصرین کا کہنا ہے ان کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کو اپنے وطن پر بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی سزا دینا اور انہیں خوفزدہ کر کے آزادی کی جدوجہد ترک کرنے پر مجبور کرنا ہے۔اس وقت تقریبا 4,000 ہزارکشمیری، جن میں حریت رہنما، کارکن اور عام نوجوان شامل ہیں،” پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے ”جیسے کالیے قوانین کے تحت بھارتی جیلوں اور حراستی مراکز میں قید ہیں جہاں انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔







