منی پور 5: خواتین سمیت سات کوکی(عیسائی) شہریوں کی 2 ماہ بعد تدفین
امپھال: تشدد سے متاثرہ ریاست منی پور میں امن بحال کرنے میں بی جے پی کی بھارتی حکومت کی مسلسل ناکامی اس وقت ایک بار پھر نمایاں ہو گئی جب پانچ خواتین سمیت سات کوکی(عیسائی) شہریوں کودو ماہ بعد سپردخاک۔ ان افراد کو ستمبر میں تامینگ لونگ اور نونی اضلاع میں ہلاک کیا گیا تھااور ان کی لاشیں تقریباً دو ماہ تک ہسپتال کے مردہ خانے میں پڑی رہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فلاحی تنظیموں اور لواحقین نے ان لاشوں کو چوراچند پور ڈسٹرکٹ ہسپتال سے نکال کر ’اینگلو کوکی وار میموریل‘ (ڈی ویسن گاوں) پہنچایا، جہاں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ آخری رسومات سے قبل ’کوکی کھانگ لائی لاومپی‘ کمپلیکس میں ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی۔
کوکی اِنپی منی پور‘ کے سیکرٹری اطلاعات ڈیوڈ ہاوکیپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان ہلاکتوں کا ذمہ دار ’این ایس سی این-آئی ایم‘ اور ’زیڈ یو ایف ‘ کو ٹھہرایا اور انہیں ’تانگکھول‘ عسکریت پسند گروہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا، "آج، 27 نومبر 2026 کو، ہم یہاں ان بے گناہ کوکی متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، جنہوں نے ’این ایس سی این-آئی ایم‘ اور ’زیڈ یو ایف ‘ کے ہاتھوں اپنی قیمتی جانیں گنوائیں۔
ہاوکیپ نے کہا کہ یہ جنازہ محض مرنے والوں کو الوداع کہنے کا موقع نہیں ہے، بلکہ یہ سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور متاثرین کی تکالیف کو یاد رکھنے کا بھی ایک موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11 مارچ 2026 سے اب تک کوکی-زو برادری کے 39 افرادجن میں خواتین، بچے اور ایک ایسا بچہ بھی شامل ہے جو ابھی پیدا نہیں ہوا تھااپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
جن سات افراد کو سپرد خاک کیا گیا، ان میں سے چار کا تعلق تامینگ لونگ ضلع سے اور تین کا تعلق نونی ضلع سے تھا۔
ہاوکیپ نے بھارت کی مرکزی اور منی پور حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ حساس علاقوں میں مناسب سیکیورٹی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کی حفاظت کریں، قطع نظر اس کے کہ ان کا تعلق کس برادری سے ہے۔
منی پور میں مئی 2023 سے نسلی تشدد کا سلسلہ جاری ہے، جب وادی میں آباد ہندو میتی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والی عیسائی کوکی برادریوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ اس تنازعے کے نتیجے میں اب تک کم از کم 306 افراد ہلاک اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔





