مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈاکٹروں کا احتجاج 14ویں روز بھی جاری، مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم کرنے سے انکار

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈاکٹروں کا احتجاج اتوار کو مسلسل چوھویں روز بھی جاری رہااورانہوں نے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زبانی یقین دہانیوں سے ان کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہونگے۔ اس لیے وہ احتجاج جاری رکھنے پر مجبور ہیں۔ اس دوران ہسپتالوں اور مریضوں پر دبا ومسلسل بڑھ رہا ہے۔
احتجاج دیگر علاقوں تک پھیل گیا
احتجاج کا آغاز گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر اور جی ایم سی جموں سے ہوا تھا۔ اب یہ کئی دیگر میڈیکل کالجوں تک پھیل چکا ہے۔ ان میں جی ایم سی اسلام آباد، بارہمولہ اور راجوری شامل ہیں۔ پوسٹ گریجویٹ اور ریزیڈنٹ ڈاکٹرز بھی احتجاج میں شامل ہو گئے ہیں۔جی ایم سی بارہمولہ میں احتجاج ساتویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ جبکہ جی ایم سی اسلام آباد کے پی جی ڈاکٹرز بھی کئی روز سے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے کر رہے ہیں۔احتجاجی ڈاکٹروں نے کہا کہ انہوں نے بارہا حکام سے رابطہ کیا اور تمام ضروری انتظامی کارروائیاں مکمل کیں۔ تاہم وظیفے میں اضافے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کرنے کے بجائے انہیں صرف زبانی یقین دہانیاں کرائی گئیں۔
ڈاکٹروں کا تحریری حکم نامے پر اصرار
جی ایم سی بارہمولہ کے شعبہ جنرل میڈیسن کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر شبھم نے کہا کہ ہم اس وقت تک احتجاج ختم نہیں کریں گے جب تک حکام وظیفے میں اضافے کی تصدیق کرنے والا تحریری حکم نامہ جاری نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا مطالبہ ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں وظیفوں کے فرق کو ختم کیا جائے۔ انہیں کام کے اوقات، ذمہ داریوں اور کام کے بوجھ کے مطابق معاوضہ دیا جائے۔ جی ایم سی بارہمولہ کی پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹ ڈاکٹر تنزیلہ نے کہا کہ ہسپتالوں میں کام کے بھاری بوجھ اور مریضوں کی مشکلات کے باوجود ڈاکٹر احتجاج جاری رکھنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر معمول کے مطابق مسلسل 36 گھنٹے تک ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں۔ انہیں مناسب آرام کا وقت بھی نہیں ملتا۔ اس کے باوجود وظیفے میں اضافے کے بار بار مطالبات پر کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہماری صرف یہ درخواست ہے کہ معاملہ جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ ہم دوبارہ اپنی ڈیوٹیاں سنبھال سکیں۔
او پی ڈی اور اختیاری آپریشنز معطل
احتجاجی ڈاکٹروں کے مطابق ہنگامی طبی خدمات بدستور جاری ہیں۔ تاہم احتجاج کے باعث اختیاری آپریشنز اور آئوٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ(او پی ڈی)کی خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔جی ایم سی اسلام آباد میں بھی پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکام سے بار بار رجوع کرنے کے باوجود وظیفوں میں مساوات کا مطالبہ 2024 سے زیر التوا ہے۔
احتجاجی ڈاکٹروں کے ایک نمائندے نے بتایا کہ جی ایم سی جموں کے ایک وفد نے وزیر صحت سکینہ ایتو سے ملاقات کی تھی۔ وزیر نے زبانی یقین دہانی کرائی کہ معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے 15 دسمبر تک ایک اور ملاقات کا بھی وعدہ کیا۔تاہم، ڈاکٹروں نے کہا کہ انہیں وزیر کی جانب سے تحریری یقین دہانی درکار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ باضابطہ تحریری وعدہ ملتے ہی وہ فوری طور پر کام پر واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔
5اگست 2019 کے بعد عوامی بے چینی میں اضافہ
مبصرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کا احتجاج کشمیری معاشرے کے مختلف طبقات میں بڑھتی ہوئی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان میں طلبہ، ملازمین، تاجر اور پیشہ ور افراد شامل ہیں۔ ان طبقات کی شکایات اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد بڑھ گئی ہیں۔ان کے مطابق جمہوری حقوق کی مسلسل نفی، وعدوں کی عدم تکمیل اور بیوروکریسی کی بے حسی نے عوام میں احساس محرومی کو بڑھادیا ہے۔ اس صورتحال نے ڈاکٹروں جیسے غیر سیاسی پیشہ ور طبقات کو بھی اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button