مودی حکومت ماورائے عدالت قتل کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش
سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں آٹھ بے گناہ کشمیریوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت ماورائے عدالت قتل کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ خون کے پیاسے بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں خوف ودہشت کا راج قائم کر رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ نسل کشی کے بھارتی منصوبے کے تحت صرف تین دنوں میں بارہمولہ، کولگام اور راجوری اضلاع میں آٹھ بے گناہ نوجوانوں کا جعلی مقابلوں میں قتل یہ ظاہر کرتا ہے کہ قاتل بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی جانیں محفوظ نہیں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی کے بھارت میں ہندوتوا کے زیر تسلط فوجی اسٹیبلشمنٹ کے تحت ماورائے عدالت قتل کے ذریعے کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی جاری ہے اور بھارتی فوجی کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوںکو روز قتل ، گرفتار کر رہے ہیں اور تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ آر ایس ایس سے وابستہ آر آر سوائن RR Swainکے مقبوضہ کشمیر میں ڈائریکٹر جنرل پولیس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاو¿ن میں تیزی آئی ہے جنہوں نے قبل ازیں سی آئی ڈی کے سربراہ کی حیثیت سے لوگوں کو دہشت زدہ کرنے اور انکی املاک ضبط کرنے کے لیے سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آر آر سوائن منظم طریقے سے کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کے ذریعے نشانہ بنانے کے مشن پر ہیں اور انہیں مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے آر ایس ایس کے ایجنڈے کو تیز کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے۔
ترجمان نے شہدا ءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری بھارتی تسلط سے ضرور آزادی حاصل کریں گے۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل نظربندی اور سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ پر پابندی کی بھی شدید مذمت کی۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اقدامات کرے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے ۔