مقبوضہ جموں و کشمیر

نیشنل لاء یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس جموں میں قائم کرنے کا فیصلہ کشمیر کے ساتھ ناانصافی ہے :پی ڈی پی

یہ اقدام کشمیر کو اہم تعلیمی اداروں سے محروم کرنے کی دانستہ کوشش ہے : مبصرین

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے نیشنل لا ء یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس جموں میں قائم کرنے اور صرف اس کا صدر دفتر بڈگام میں رکھنے کے قابض انتظامیہ کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔
پارٹی نے اس حکم نامے میں فوری ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے اصرار کیا ہے کہ یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس بڈگام میں قائم کیا جائے۔ جبکہ جموں میں اس کا ذیلی کیمپس بنایا جائے۔پی ڈی پی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہاکہ ہم نیشنل لاء یونیورسٹی کا کیمپس بڈگام سے جموں منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ 2018 میں ایک قانون کے تحت کشمیر کے لیے قائم کی گئی یہ یونیورسٹی یہاں کے لوگوں کی خدمت کے لیے بنائی گئی تھی۔ ایوان میں یقین دہانیوں کے باوجود حکومت نے اب بڈگام کو محض صدر دفتر تک محدود کر دیا ہے۔ جبکہ اصل کیمپس جموں منتقل کر دیا گیا ہے۔پوسٹ میں کہا گیا یہ کشمیر کے ساتھ کھلی ناانصافی اوردھوکہ ہے۔ ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ مرکزی کیمپس بڈگام میں اور ذیلی کیمپس جموں میں قائم کیا جائے۔ حکام اس غیر منصفانہ حکم نامے میں فوری ترمیم کریں۔
پی ڈی پی کے رکن اسمبلی اور بڈگام کے منتخب نمائندے آغا سید منتظر مہدی نے بھی اس فیصلے پر تنقید کی۔ انہوں نے اپنی ایک الگ پوسٹ میں کہاکہ نیشنل لا یونیورسٹی 2018 میں ایک قانون کے تحت کشمیر کے لیے قائم کی گئی تھی۔ اب اسے درپردہ طریقے سے جموں منتقل کیا جا رہا ہے۔ایوان میں واضح یقین دہانیوں کے باوجود حکام نے ایسا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے تحت بڈگام میں صرف صدر دفتر رکھا گیا ہے۔ جبکہ اصل کیمپس جموں میں قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ کیسا انصاف ہے؟ یہ بڈگام کے ساتھ دھوکہ اور کشمیر کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ بالکل واضح ہے کہ مرکزی کیمپس بڈگام میں قائم کیا جائے۔ جبکہ جموں میں ذیلی کیمپس بنایا جائے۔کشمیر سے ایک اور وعدہ خلافی قبول کرنے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
مبصرین کے مطابق یہ محض انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ کشمیر سے اہم تعلیمی اداروں، وسائل اور مواقع کو منظم انداز میں جموں منتقل کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس عمل سے کشمیر کا تعلیمی ڈھانچہ کمزور ہوگا۔ جبکہ سیاسی اور علاقائی امتیازی سلوک کا احساس مزید گہرا ہوگا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button