بھارت :جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کا آسام میں بنگالی مسلمانوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاج
آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کا آسام میں بے دخلی کی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ
نئی دہلی: نئی دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء نے آسام میں مسلمان خاندانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاستی حکومت بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو درانداز قرار دے کر نشانہ بنا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (اے آئی ایس اے) نے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی معاشی اور سماجی طور پر کمزور ایک برادری بے دخلی کی کارروائیوں سے سنگین انسانی بحران سے دوچار ہورہی ہے۔ تنظیم نے آسام میں بے دخلی کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو درانداز جیسے القابات دیکر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ زبان کو برادریوں میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ تنظیم نے آسام حکومت کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے بے دخلی کی کارروائیاں فوری معطل کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی جبری منتقلی روکنے کا مطالبہ کیا۔تنظیم نے کہا کہ وہ مسلمان برادری اور آسام میں بے دخلی کے خلاف آواز اٹھانے والے طلباء کے ساتھ کھڑی ہے۔
بے دخلی کی کارروائیوں میں ہزاروں افراد بے گھر
جامعہ ملیہ میں یہ احتجاج آسام میں بڑے پیمانے پر جاری بے دخلی کی کارروائیوں کے دوران ہوا ہے۔ ان کارروائیوں سے بنگالی بولنے والے مسلمان متاثر ہوئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق یکم نومبر کو ضلع دھوبری کے گائوں عالم گنج میں حکام نے 640سے زائد بنگالی مسلم خاندانوں کے گھر مسمار کردیے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 4,000سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے۔ کارروائی تقریبا 650 بیگھہ اراضی پر کی گئی، جسے ضلعی انتظامیہ نے سرکاری زمین قرار دیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر دیباکر ناتھ نے کہا کہ یہ زمین مجوزہ صنعتی پارک کے لیے محکمہ صنعت کے حوالے کی جانی تھی۔مقامی باشندوں نے زمین پر قبضے سے متعلق انتظامیہ کے موقف کو مسترد کیا۔انہوںنے کہا کہ وہ کئی دہائیوں سے وہاں آباد ہیں اور ان کے پاس منتقل ہونے کے لیے کوئی متبادل جگہ نہیں ہے۔ گھروں کی مسماری کے بعد متاثرہ خاندانوں نے رشتہ داروں کے ہاں، عارضی جھونپڑیوں اور ترپالوں کے نیچے پناہ لی۔
نومبر کی کارروائی سے پہلے اکتوبر میں بھی بے دخلی کی ایک مہم چلائی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق17 اور 18 اکتوبر کو ضلع ناگائوں، گولاگھاٹ اور ہوجائی میں 1,100سے زائد مسلمان خاندانوں کو بے دخل کیا گیا۔ضلع ناگائوں میں حکام نے لوٹوماری لونجاپ ریزرو جنگلاتی علاقے میں 600 سے زائد خاندانوں کے گھر مسمار کردیے۔ محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے رہائشیوں کو قابضین قرار دیا جبکہ متاثرہ خاندانوں نے اس موقف کو مسترد کردیا ۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے کئی دہائیاں پہلے انہیں اس زمین پر آباد کیا تھا۔
ایک مقامی رہائشی عبدالنور نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا خاندان 1974 میں وہاں آباد ہوا تھا کیونکہ ان کے آباو اجداد بے زمین تھے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران 10سے زائد مساجد مسمار کی گئیں جن میں بعض 50سال سے بھی زیادہ پرانی تھیں۔
جامعہ کی انتظامیہ کی طلباء کو نوٹسزجاری
دریں اثناء جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ نے کیمپس میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شریک طلباء کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوٹسز جاری کردیے ہیں۔







