سید علی گیلانی بدترین بھارتی مظالم کے سامنے ہمیشہ ایک چٹان کی طرح کھڑے رہے
اسلام آباد 05 ستمبر (کے ایم ایس) بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف کے لئے جانا جاتا تھا اور وہ کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ،حق خوارادیت کے لئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کرتے رہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مضبوط آواز اور مزاحمت کی علامت سید علی گیلانی نے سالہا سال کی نظربندی کے دوران ہی بدھ کو سرینگر میں جام شہادت نوش کیا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ سید علی گیلانی بدترین بھارتی مظالم کے سامنے ہمیشہ ایک چٹان کی طرح کھڑے رہے اور انہیںکشمیریوں کے حقوق کے لئے پرامن اورثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد کرنے والے رہنما کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لئے وقف کی اور وہ جموںوکشمیر پرغیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی ایک علامت تھے۔ بزرگ مزاحمتی رہنما نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کشمیر کے الحاق کی وکالت کی اور وہ جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گے ۔