مقبوضہ کشمیر: شہید محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال
سرینگر11فروری (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز کشمیری آزادی پسند رہنما محمد مقبول بٹ کی شہادت کی 38ویں برسی کے موقع پر آج مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، میر واعظ عمر فاروق اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے دی ہے۔
بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11 فروری1984کو تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار اداکرنے پر نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کران کی میت کو جیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کردیا تھا۔ کشمیریوںکی طرف سے شہید رہنماء کی میت کی واپسی کے مطالبے کے باوجود بھارتی قابض انتظامیہ نے ابھی تک تہاڑ جیل سے ان کی باقیات ان کے اہلخانہ کے حوالے نہیں کی ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداء کی قربانیاں بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کا بیش قیمت اثاثہ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام مزید عزم اورجذبے سے شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔