شہید غلام محمد بلہ کو ان کے47 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت
سرینگر15فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کارکنو ں نے آزادی پسند رہنماء غلام محمد بلہ کو ان کی شہادت کی 47ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے مزار پر دعائیہ تقریب منعقد کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد بلہ کو 1975 میں اندرا عبداللہ معاہدے کے خلاف مظاہرے کی قیادت کرنے پر بھارتی پولیس نے سوپور سے گرفتار کیاتھا اوربعدازاں انہیں آج ہی کے دن سرینگر سنٹرل جیل میں حراست کے دوران تشدد کا نشانہ بناکر شہیدکردیاگیا تھا ۔حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے شہید غلام محمد بلہ کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ1947سے ہی بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہاہے ۔ تاہم نہ تو وہ ماضی میں اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہوا اور نہ ہی مستقبل میں ہو گا۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں شہید غلام محمد بلہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے اس وقت کے وزیر اعظم اندرا گاندھی اور شیخ محمد عبداللہ کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کے بعدپورے مقبوضہ کشمیر میںبڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے ۔ بڑے پیمانے پرعوامی تحریک پورے مقبوضہ علاقے میں پھیل گئی اور اس دوران سوپور میںایک احتجاجی مظاہرے میں غلام محمد بلہ کو گرفتار کرلیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے انہیںسوپور تھانے میں پولیس نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں سرینگر سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔فاروق رحمانی نے کہا کہ شہید غلام بلہ کی میت ان کے اہلخانہ کے حوالے نہیں کی گئی۔ پولیس نے رات کی تاریکی میں ان کی میت سوپور لے جاکر اگلی صبح خود ہی ان کی تدفین کر دی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے ایک بہادر سپاہی تھے اور اس انقلابی نوجوان کی وجہ سے1970اور1980 ء کی دہائی میں بہت سارے لوگوں کوبھارت کے خلاف کھڑے ہونے کی تحریک ملی ۔ محمد فاروق رحمانی نے شہید غلام محمد بلہ اور دیگر شہدائے کشمیر کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔دریں اثناء اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک اجلاس میں شہید غلام محمد بلہ کوان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔