مقبوضہ کشمیر:بھارتی انتخابی حد بندی کمیشن نے عوامی تجاویز سننے کے شیڈول میں تبدیلی کر لی
جموں 26 مارچ (کے ایم ایس)بھارتی انتخابی حد بندی کمیشن نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوام کی تجاویز اور اعتراضات سننے کے لیے اپنے شیڈول میں تبدیلی کی ہے اور کمیشن اب 28 اور 29 مارچ کے بجائے4 اور 5 اپریل جو تجاویز سنے گا۔
کمیشن 4 اپریل کو جموں کے لوگوں کو کنونشن سنٹر میں سنے گا جبکہ اسی طرح کی ایک عوامی نشست 5اپریل کو سری نگر میں ہوگی۔کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق 4 اپریل کو کٹھوعہ، ادھمپورپور، ڈوڈہ، رام بن، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے لوگ صبح 10.00 بجے سے دوپہر 12.00 بجے تک نشست میںشرکت کریں گے جبکہ اسی دن دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے ڈھائی بجے تک ریاسی، سامبا اور جموں اضلاع کے لوگ کنونشن سنٹر میں ہونے والی نشستوں میں شرکت کریں گے۔
5 اپریل کو سری نگر، بڈگام، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے لوگ صبح دس بجے سے دوپہر بارہ بجے تک عوامی نشستوں کا حصہ ہوں گے۔ گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع کے لوگ اسی روز دوپہر ساڑے بارہ بجے سے ڈھائی بجے تک ہونے والی نشستوں میں شرکت کریں گے۔