مقبوضہ جموں و کشمیر

انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا میرواعظ کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ

سرینگر29 مارچ (کے ایم ایس)غیر قانونی طوپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کے پیش نظرانجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس کی صدارت انجمن کے نائب صدر اور مرکزی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے کی جبکہ اجلاس میں انجمن اوقاف کے جملہ سرکردہ ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں شب برات کے موقع پر قابض حکام کی جانب سے رکاوٹ ڈالے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ آئندہ اس طرح کی حرکتوں سے نہ صرف گریز کیا جائیگابلکہ عوام کی پنچ وقتہ نمازوں ، نماز تراویح، جمعتہ المبارک ، شب قدر اور جمعتہ الوداع کے عظیم اجتماع میں کسی طرح کی کوئی بندش یارکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی۔اجلاس میں سربراہ انجمن میرواعظ عمرفاروق کی گزشتہ تقریبا تین سال سے مسلسل غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس رویے سے کشمیری عوام کے جذبات مسلسل مجروح ہو رہے ہیں اور ان میں شدید مایوسی اور بے چینی پائی جارہی ہے ۔اجلاس میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کے پیش نظر میرواعظ کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیاگیا۔ اجلاس میں جامع مسجد میں آنے والے نمازیوں اور زائرین کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا گیا اورکہاگیاکہ نمازیوں اور زائرین کو ہرقسم کی پریشانی سے بچانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ عباد ت و ریاضت کا فریضہ انجام دے سکیں۔اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ قابض حکام انجمن اوقاف کو اپنا نظام چلانے کیلئے تعاون کریں گے اورکوئی ایسی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے جس سے مسلمانوںکو اپنے مذہبی فرائض اورعبادت و ریاضت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button