مقبوضہ جموں و کشمیر

حیدر پورہ مارچ کو روکنے کیلئے پابندیاں سخت کر دی گئیں


مقبوضہ جموں وکشمیر کی تمام بڑی مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی
سرینگر 10 ستمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام نے لوگوں کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ کی طرف مارچ سے روکنے کیلئے آج وادی کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کر دیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور تحریک آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ان کی قبر کی طرف مارچ کی کال دی تھی ۔ تاہم قابض حکام نے مارچ کو روکنے کیلئے پابندیاں سخت کر دیں اور سرینگر ، بارہمولہ ، بڈگام ، اسلام آباد ، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام اور دیگر شہروں اور قصبوں میں بھارتی فورسز کے اضافی اہلکار تعینات کر دیے ۔ بھارتی پولیس نے جامع مسجد حیدر پورہ کو بھی تالا لگا دیا اور لوگوں کو وہاں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔
قابض حکام نے لوگوں کو جامع مسجد سرینگر ، درگاہ حضرت بل ، خانقاہ معلیٰ اور مقبوضہ علاقے کی دیگر بڑی مساجد میں نماز جمعہ ادانہیں کرنے دی ۔
حریت رہنماﺅں غلام محمد خان سوپوری اور میر شاہد سلیم نے تعزیتی اجلاسوں سے اپنی تقاریر میں بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی اور معروف صحافی، دانشور اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جو حال ہی میں انتقال کر گئے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ناظم اعلیٰ چودھری شاہین اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مسرت عالم بٹ کی بطور چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس تقرری کا خیر مقدم کیا۔
جموںوکشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جنوبی کشمیرمیںبھارتی پولیس کی طرف سے پارٹی چیئرمین مختار احمد وازہ اور اور دیگر حریت رہنماﺅں اور کارکنوںکی گرفتاریوںکی شدید مذمت کی ہے ۔
صحافتی تنظیموں نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میںچار صحافیوں ہلال میر ، شاہ عباس ، اظہر قادری اور شوکت موٹا کی رہائش گاہوں پر بھارتی پولیس چھاپوں کی مذمت کی ہے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آزادی صحافت پرحملہ مسلسل جاری ہے اور ہرگزرتے دن کے ساتھ کشمیری صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
آج سرینگر کے علاقے چھانہ پورہ میں نامعلوم افراد کی طرف سے بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے کیمپ پر دستی بم کے حملے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا۔ دھماکے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے ۔ آج ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں ایک بھارتی فوجی حرکت قلب بند ہونے سے ہلاک ہو گیا۔
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم میں اضافے کے خلاف اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج نیشنل پریس کلب کے باہر ایک پر امن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔ اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماءمعراج الدین کلوال کی والدہ کے سرینگر میں انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیاگیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button