مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی شہریوں کی آباد کاری روکنے کا مطالبہ

مظفرآباد17اپریل(کے ایم ایس)پاسبان حریت جموں وکشمیر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی شہریوں کی آباد کاری کو روکنے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت متنازعہ ریاست میں مقامی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کیلئے تیزی سے غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ نریندرہ مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سفاک حکومت ریاست جموں وکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریتی آبادی کیخلاف کھل کر دشمنی پر اتر آئی ہے ، جہاں مسلمانوںکو اقلیت میں بدلنے کیلئے بھارت بھر سے لاکھوں ہندو شہریوں کو ڈومیسائل جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی زمینیں بھارتی تاجروں کو جبرا ًفروخت کی جارہی ہیں، سرکاری ملازمتوں میں بھارتی شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر مسلط کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کے ان ظالمانہ اقدامات سے ریاست میں بے روزگاری کی شرح 25فیصدسے زیادہ ہو چکی ہے۔عزیر غزالی نے کہاکہ بھارتی حکومت کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق پر ڈاکہ ہے ۔انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموںو کشمیر میں بھارتی شہریوں کی آبادکاری کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button