بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں تما م جمہوری اصول پامال کر رہا ہے، رپورٹ
اسلام آباد 15اگست(کے ایم ایس)
آج جب پوری دنیا میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام جمہوری اصول پامال کر رہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر گزشتہ 74 برس سے خاص طور پر 05 اگست 2019 سے جب نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کردی مسلسل بھارتی فوج کے وحشیانہ محاصرے میں ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے خود تعین کے جمہوری حق سے مسلسل محروم رکھ کر خود کو ایک شرمناک جمہوریت ثابت کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیاکہ بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ مقبوضہ علاقے میں اچھی طرح سے بے نقاب ہو چکا ہے اور مقبوضہ علاقے کے مقتل گاہوں میں روز بھارت کی نام نہاد جمہوریت کی موت دیکھی جاتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت کی فوجی طاقت کی پالیسی کشمیریوں کی مشکلات کی ذمہ دار ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ کشمیری بدترین بھارتی مظالم کے باوجود حق خود ارادیت کے حصول کی اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کے ایم ایس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مودی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری محصور کشمیریوں کے لیے کھڑی ہو اور بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔