بھارت

نپور شرما کو سزادینے کے بجائے سیکورٹی فراہم کی گئی

نئی دلی07جون (کے ایم ایس)پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفےٰۖکی شان اقدس میں توہین آمیزبیان دینے پر بی جے پی کی رہنما نپور شرما کو سزادینے کے بجائے دہلی پولیس نے انہیں سیکورٹی فراہم کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ دہلی پولیس نے معطل بی جے پی ترجمان نپور شرما اور ان کے اہلخانہ کو سیکورٹی فراہم کی ہے کیونکہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اورنپور شرما نے پولیس سے سیکورٹی مہیا کرانے کی اپیل کی تھی۔ خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ نپور شرما اور ان کی فیملی کو پولیس سیکورٹی فراہم کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں دھمکی مل رہی ہے اور ان کے بیان پر انہیں پریشان کیا جا رہا ہے۔ توہین آمیز بیان پر تنازعہ بڑھنے اور مسلمانوں کی شدید مخالفت کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے اتوار کو نپور شرما اور دہلی یونٹ کے میڈیا سربراہ نوین کمار جندل کو معطل توکردیا لیکن ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ مسلمانوں کے احتجاج اور کویت، قطر اور ایران جیسے ممالک کے سخت ردعمل کے بعدبی جے پی نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہب کی توہین کی مذمت کرتی ہے تاہم نہ تو ان گستاخوں کو ابھی تک گرفتارکیاگیا اورنہ کوئی مقدمہ درج کیاگیابلکہ انہیں حکومت کی طرف سے سکیورٹی فراہم کی گئی۔ نپورشرما نے تقریبا 10دن پہلے ایک ٹی وی مباحثے میں اور نوین جندل نے اپنے ٹوئٹس میں حضوراکرم ۖ کی شان اقدس میں گستاخی کی تھی جس کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا اور کچھ ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہوگئی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button