مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد 11جون (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے چوٹہ بازار سرینگر کے شہدا ء کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔بھارتی فوجیوں نے1991ء میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقے زینہ کدل میں مجاہدین کے ساتھ ایک جھڑپ کے بعد شہرکے گنجان آباد علاقے میں اپنے کیمپ سے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے کم از کم 32معصوم کشمیری شہید اور 22دیگرزخمی ہوگئے تھے۔ اس موقع پرحریت رہنمائوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی ، املاک کی تباہی ، رہائشی مکانات میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی بے گناہ کشمیریوں کی زندگیاںچھین رہے ہیں اور قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے۔مقررین نے کہا کہ بے گناہ نوجوانوں کو قتل کرکے بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارت کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں تاخیر نئی دہلی کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔شرکاء نے بی جے پی کی ترجمان کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖکے بارے میں گستاخانہ بیان کے خلاف بھی شدید احتجاج کیا۔شرکاء نے بھارتی ریاست کی جابرانہ پالیسی کے خلاف بھی نعرے لگائے جس کے تحت ایک عرصے سے مسلمانوں کو نشانہ بنا یا جارہا ہے ۔ مقررین نے اس وقت تک بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا جب تک وہ اپنی مسلم دشمن پالیسی کو ترک نہیں کرتا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button