مقبوضہ جموں و کشمیر

عالمی ادارے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں، کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر17 ستمبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے اور کشمیریوں کو مودی کی فسطائی حکومت کے مظالم سے بچانے کیلئے فوری اقدمات کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام احمد گلزارنے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے حالیہ بیانات کے بعد عالمی اداروں پر یہ لازم ہو گیا ہے کہ وہ کشمیرپر محض بیانات جاری کرنے کی پالیسی ترک کرکے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدمات کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی مظالم اور اپنے مادر وطن پرغیر قانونی قبضے کا سامنا کر رہے ہیںجبکہ اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد علاقے میں بھارتی مظالم میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ غلا م احمد گلزار نے نشاندہی کی کہ عالمی برادری کی طرف سے کشمیر کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات سے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنی جارحانہ پالیسیاں جاری رکھنے کی محض شہ ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی ہندو توا حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اس کے فوجی حربے اور غیر قانونی اقدامات مقبوضہ علاقے میں صورتحال کو خراب سے خراب تر کریں گے۔
غلام احمد گلزار نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک تمام تر مشکلات کے باجود جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں تاخیر پوری دنیا کیلئے سنگین نتائج کا باعث ہو گی ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی ختم کرانے اور مسئلہ کشمیر کے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button