بھارت مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں بین الاقوامی قوانین اور اصول و ضوابط کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں غلام محمد خان سوپوری، محمد سلیم زرگر، سید بشیر اندرابی، جاوید احمد میر، میر شاہد سلیم، نریندر سنگھ خالصہ، مولانا مصعب ندوی، تحریک حریت جموں وکشمیر، جموں وکشمیر مسلم لیگ اور جموں وکشمیرمسلم کانفرنس نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں افسوس ظاہر کیا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہندوتوا مودی حکومت نے اگست 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور اب وہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی ہندووں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کر رہی ہے۔
انہوںنے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 76برس سے کشمیریوں کا حق خودارادیت سلب کر رکھا ہے اور وہ اپنے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کر رہا ہے۔
بیانات میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی پر مودی حکومت کا محاسبہ کیا جاناچاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اخلاقی طور پر پابند ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے ۔