بھارت میں اس وقت مسلمانوں کیلئے ایمر جسنی کے حالات ہیں، پیس پارٹی
لکھنو 27جون(کے ایم ایس)بھارت میں پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) نہ تو عوام اور نہ ہی آئین و جمہوریت کی محافظ ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر ایوب سرجن نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کا مسلمانوں کے ساتھ تفریق و استحصال کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، مسلمانوں کے مکانوں اور دکانوں کو غیر آئینی طور پر منہدم کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت بلڈوزر سے مسلمانوں کے مکانات کو ہی نہیں بلکہ آئین کو کچل رہی ہے۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتوں میں جمہوریت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے اور ملک میں جمہوریت اختتام کے دہانے پر ہے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی دراصل آر ایس ایس کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آر ایس ایس کا آئین وہ ہے جس میں آئین بھارت کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلمانوں کو آئینی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے اور انکا اظہار رائے کا حق سلب کیا جا رہا ہے، ان کے پر امن مظاہروں کو ملک مخالف قرار دیکر انکے مکانوں اور دکانوں کو پر بلڈوزر چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مسلمانوں کیلئے ملک میں ایمر جنسی کے حالات ہیں۔