شہید خالد میر کو یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت
سرینگر30 جون (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مسلم کانفرنس نے 14 سالہ شہید خالد شریف میر کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سوپور میں ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے خالد میر کو 30جون 2009کو ریاستی دہشت گردی کی ایک بہیمانہ کارروائی کے دوران شہید کردیا تھا ۔ دعائیہ تقریب میں شہید کے والد شریف الدین میر سمیت متعدد حریت رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حریت رہنمائوںنے کہاکہ خالد میر کو صرف اس لئے قتل کیاگیا کیونکہ وہ ایک آزادی پسندکشمیری مسلمان تھا۔ اس دن خالد طلباء کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرے میں شامل تھا۔ بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں نے مظاہرے میں شامل طلباء کا پیچھا کیا اور خالد کو پکڑ کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں پل پر سے دریائے جہلم میں پھینک دیا۔ جب خالد نے تیر کرکنارے تک پہنچنے کی کوشش کی تو قابض فوجیوں نے گولیاںمار کر اسے شہید کر دیاتھا۔تقریب کے شرکاء نے دیگر کشمیری شہداء کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔