مقبوضہ جموں و کشمیر

شیخ عبدالعزیز کو کشمیر کی تاریخ میں ایک عظیم ہیرو کے طورپر یاد رکھا جائے گا، غلام گلزار

سرینگر11 اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام احمد گلزار اور مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا ہے کہ ممتاز کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز کو جموں وکشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک عظیم ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فوجیوں نے 11اگست 2008کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری ان چھ لاکھ سے زائد شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کے مقروض ہیں جنہوں نے کشمیری قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر ایک مقبول مقامی تحریک ہے اور تمام کشمیری بلا لحاظ عمر اور جنس اس تحریک کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کے علاوہ شیخ عزیز جیسے لیڈروں نے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے۔غلام احمد گلزار نے جدوجہد آزادی کشمیر کو شہدا کے مشن کی تکمیل تک جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرلیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز تحریک آزادی کشمیر کے انتہائی مخلص اور نڈر رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت سے پیدا ہونے والے خلا کو پرُ کرناممکن نہیں۔انہوںنے کہاکہ وہ مظلوم کشمیری قوم کے نڈر سپاہی تھے اور اپنی شہادت تک وہ ایک تجربہ کار سپاہی کی طرح بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کرتے رہے اور کشمیری عوام ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کے مشن کوہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام ترجابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود بھارت کشمیر ی عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button