بھارت کے یومِ آزادی پر اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد 15اگست(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیرشاخ نے آج بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ بھارت، اس کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 75 سال سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور بھارت ظلم وجبر سے کشمیریوں کے دل نہیں جیت سکتا۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور بھارت سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو بھارتی فوج کو رسوا ہوکر خطے سے نکلنا پڑے گا۔مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ پورے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں محمود احمد ساغر، غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، شیخ عبدالمتین، بیرون ملک مقیم کشمیری رہنما سردار وقاص، غلام نبی بٹ، راجہ پرویز، لبریشن سیل کے محمد سرور، راجہ افسر اور نجیب اللہ شامل تھے۔