کشمیری حریت رہنما ﺅ ں ، تنظیموں کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے عمران خان کے خطاب کا زبردست خیرمقدم
سرینگر 25ستمبر ( کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خطاب کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عمران ٰخان کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے روز اول سے ہی حق پر مبنی کشمیریوں کے کاز کی مکمل حمایت کی ہے جس پر کشمیری حکومت پاکستان اور عوام ک شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیاءکو پرامن بنانے کیلئے دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے آگے آئے اس سے کشمیری عوام کو زبردست حوصلہ ملا ہے۔ خواجہ فردوس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کوپرامن طورپر حل کرنے میں پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار،مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ ، مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ ، پیپلز پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین ہلال احمد وار،جموں وکشمیر محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر ، تحریک استقلال کے صدر غلام نبی وسیم ،جموںوکشمیر پولیٹیکل ریزس ٹنس موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر مصیب احمد اور جموںوکشمیر سوشل جسٹس لیگ کی رہنما فاطمہ جان نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھارتی محاصرے اور فوجی جبر و استبداد کا شکار کشمیریوں کو ایک نئی توانائی اور حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خا ن نے کشمیریوں کی انتہائی دلیری اور موثر انداز میں نمائندگی کی اور مقبوضہ علاقے کی موجودہ ابتر صورتحال سے دنیا کو آگاہ کیا۔ حریت رہنماﺅں نے کہا کہ وہ امیدکرتے ہیں کہ یہ جرا¾ت مندانہ نمائندگی عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالنے کیلئے راضی کرے گی ۔ انہوںنے کشمیریوں کے کاز کی بھر پور حمایت پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ بھی کا شکریہ ادا کیا۔ جموں کشمیر فریڈم فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے اجاگر کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے ۔حل کروا کے اپنا فریضہ انجام دے انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان ، برطانوی ارکان پارلیمنٹ اور اسلامی تعاون تنظیم کے کشمیر پر رابطہ گروپ کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تحریک وحدت اسلامی جموںوکشمیر کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عمران خان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کو ایک نیاحوصلہ اور ولولہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کے احساسات، جذبات اور امنگوں کی بھر پور ترجمانی کر کے کشمیر کا سفیر ہونے کا ثبوت دیا۔ ترجمان نے کہا کہ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ختم کر کے مقبوضہ علاقے میں سنگین جنگی جرائم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔
دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں عمران خان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوںنے تنازعہ کشمیر کو اجاگر کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اسکے پرامن حل پر زور دیا جس پر کشمیری انکے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی خوف ودہشت کے باوجود حق خود ارادیت کے حصو ل کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے نائب چیئرمین الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو زور دار انداز سے اٹھانے پر وزیر اعظم عمران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوںنے عمران خان کے خطاب کو تاریخی اور کشمیریوں کے جذبات کا حقیقی عکاس قرار دیتے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے ۔ جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین نے اسلا م آباد میں ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب قابل تحسین ہے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کی بھر پور نمائندگی کی ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم پر کھل کر بات کی اور دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال نے اسلام آبا د میں جاری بیان میں وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ایک نئی مہمیز ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق پر مبنی اپنی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ پیپلز لیگ کے نائب چیئرمین اعجاز رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوںنے کشمیریوں کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے۔ پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشال حسین ملک نے اپنے ایک ٹویٹ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کشمیر کاز کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی حمایت اور کوششوں کو سراہا۔ حریت رہنما عبدالحمید لون نے اسلام آباد میں ایک بیان میں عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نے ہند و انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی چیرہ دستیوں کو بھی بے نقاب کیا۔