اگر میر واعظ نظر بند نہیں تو انہیں اپنی مذہبی ذمہ داریاں پوری کرنے کی اجازت دی جائے:محبوبہ مفتی
سرینگر 20اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی گورنر منوج سنہا کے اس دعوے کو کہ میر واعظ عمر فاروق نظر بند نہیں ہیں، غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ نظر بند نہیں ہیں تو انہیں اپنی مذہبی ذمہ داریاں پوری کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ قابض انتظامیہ اختلاف رائے کوبرداشت نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے بھارتی گورنر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر میر واعظ گھر میں نظر بند نہیں ہیں تو انہیں اپنی مذہبی ذمہ داریاں انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ میر واعظ کو اگلی جمعہ کو جامع مسجد سرینگرمیں جمعہ کا خطبہ دینے کی اجازت دے۔بھارتی گورنر نے بی بی سی ہندی سروس کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہاتھا کہ میر واعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند نہیں ہیں۔