جموں بار ایسوسی ایشن کی اپنے مطالبات کے حق میں مشعل بردارریلی
جموں 25اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کا احتجاج ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن نے 29اگست بروز پیر کو جموں میں مکمل ہڑتال کے اپنے فیصلے کو آگے بڑھاتے ہوئے گاندھی نگر گول مارکیٹ اور اپسرا بازار تک مشعل بردار جلوس نکالا جس میں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بار نے لوگوں بالخصوص تاجر برادری سے 29 اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کی بھی اپیل کی ہے ۔مشعل بردار جلوس کی قیادت بار ایسوسی ایشن کے صدر ایم کے بھدرواج کر رہے تھے۔ جلوس میں بار ایسوسی ایشن کی پوری قیادت شامل تھی۔قبل ازیں بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ٹریڈرز فیڈریشن کے ایک اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں بازار ایسوسی ایشنز اور ریٹیلر ایسوسی ایشن کے صدور اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر دیپک گپتا کے ساتھ جنرل سکریٹری شام لینگر اور ریٹیلر ایسوسی ایشن کے صدر یش پال گپتا نے بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کی۔
ادھرہائی کورٹ، ماتحت عدالتوں، تمام ریونیو کورٹس، کمیشنوں اور ٹربیونلز میں جموں بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہڑتال کی وجہ سے عدالتی کارروائی معطل رہی ۔