مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر:سید علی گیلانی کی برسی پر ہڑتال

مرحوم رہنما کی قبر پر لوگوں کو فاتحہ خوانی سے روکنے کیلئے سخت پابندیاں عائد

سرینگر01 ستمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر آج لوگوں کو سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی قبر پرفاتحہ خوانی سے روکنے کیلئے سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
وادی کشمیر میں کئی مقامات پر چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں لوگوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ حیدر پورہ میں بھی بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو شہید رہنما کی قبر پر فاتحہ خوانی کرنے سے روکا جا سکے۔ کسی کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
بھارتی فورسز کے اہلکاردکانداروں کو ہڑتال سے باز رکھنے کیلئے اپنی دکانیں کھولنے پر مجبور کر رہے ہیں لیکن کئی مقامات پر دکانداروں نے احکامات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنی دکانیں بند کر رکھی ہیں ۔
مقبوضہ علاقے میں سید علی گیلانی کی برسی پر آج کی ہڑتال کی کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ۔سید علی گیلانی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے وادی کشمیر اور جموں خطے کے مختلف حصوں میں دعائیہ نشستیں منعقد کی گئیں۔
سید علی گیلانی نے گزشتہ برس یکم ستمبر کو سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران شہادت پائی تھی جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظربند رکھا گیا۔ بھارتی فورسز کے اہلکار بزرگ رہنما کی وصیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں انکی میت اٹھا کر سری نگر کے حیدر پورہ قبرستان میں زبردستی تدفین کے لیے لے گئے تھے جبکہ بزرگ قائد نے سرینگر کے عید گاہ مزار شہداءمیں اپنی تدفین کی وصیت کررکھی تھی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button