اترپردیش میں مدارس کے سروے پر اسدالدین اویسی کا شدید ردعمل
حیدر آباد 02ستمبر (کے ایم ایس)
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اتر پردیش میں تمام مدارس کا سروے کرانے کے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ یوگی حکومت اس اقدام کے ذریعے مسلمانوں کو ہراساں کر رہی ہے ۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ یوگی حکومت کومدارس کے بارے میں جھوٹے پروپیگنڈے سے باز رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کو مدارس میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں کیونکہ مدارس کو نہ تو ریاستی یامرکزی حکومت کی طرف سے کوئی فنڈز نہیں دیئے جاتے۔ انھوں نے کہا ہے کہ آئین کی دفعہ 30کے تحت مسلمان اپنی مرضی کے تعلیمی ادارے قائم کر سکتے ہیں تو پھر یوپی حکومت نے سروے کرانے کا حکم کیوں صادر کیاہے؟انہوں نے مزید کہاکہ آئین کی اس دفعہ کے تحت حکومت مسلمانوں کے حقوق میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ اسد الدین اویسی نے کہاکہ یوگی حکومت مسلمانوں کا استحصال کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میںمدارس کا سروے شہریوں کے متنازعہ قومی رجسٹرڈ (این آر سی)کا ہی تسلسل ہے۔مدارس کے بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں ایک سوال پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو اس سوال پر شرم آنی چاہیے مدارس ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا اور آپ انہیں شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ کیاآزادی پسندوںکو اسی طریقے سے خراج تحسین پیش کیاجاتا ہے ۔