مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات ممکن نہیں، صدر مملکت
اسلام آباد، 06 اکتوبر (کے ایم ایس) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے لیکن ایسا مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر نے چوتھے پارلیمانی سال کی تکمیل اور پانچویں پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر آج (جمعرات )پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ بھارت کے ساتھ دوستی اور امن ہو مگر یہ خواہش کشمیر میں بھارتی اقدامات کی وجہ سے پروان نہیں چڑھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجانا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کے بعد بھارت میں رہ جانے والے مسلمان ہندوتوا کی وجہ سے خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ سرکاری سطح پر اور اس کے زیر سایہ کارروائیاں ہوتی ہیں جس سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ بھارتی معاشرے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے اور یہ نقصان خود بھارت اپنے آپ کو پہنچا رہا ہے۔
صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جینوسائڈ واچ کے مطابق نسل کشی کی دس سٹیجز(مرحلے ) ہیں اور بھارت آٹھویں اسٹیج تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک بات یہ ہے کہ اب یہ معاملہ صرف بھارت تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے اثرات دوسرے ممالک تک پہنچ رہے ہیں۔ برطانیہ کے شہر لیسٹر شائر میں سب نے دیکھا کہ لوگ کس طرح آپس میں لڑے۔