کرناٹک:بی جے پی حکومت سرکاری نوکریوں کے نام پر لوٹ مار کر رہی ہے : راہل گاندھی
بنگلورو13 اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ریاست کرناٹک کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت سرکاری نوکریوں کی نیلامی کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کرناٹک کی بی جے پی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریاست میں سرکاری اور اور پولیس سب انسپکٹر کی نوکریوں کی نیلامی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ معمولی سی نوکریوں پر بھرتی کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کی رشوت طلب کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں لوگ کہتے ہیں کہ ریاست میںسرکاری نوکریوں کے نام پر لوٹ مار کی جارہی ہے۔ راہل گاندھی نے کہاکہ ریاستی حکومت میں ہر سرکاری نوکری پر بھرتی کا ریٹ مقرر ہے ۔انہوںنے کہاکہ ریاست میںپولیس سب انسپکٹر کے عہدے کیلئے 80لاکھ روپے کا تقاضا کیاجاتا ہے جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر اورانجینئر کے عہدوںکا بھی ریٹ مقرر ہے ۔انہوںنے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ بی جے پی حکومت سرکاری نوکریاں فروخت کر رہی ہے ۔ راہل گاندھی نے مزید کہاکہ بی جے پی کا ڈبل انجن نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے ساتھ ساتھ کمیشن بھی کھا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں ملازمتوں اور سرکاری ٹھیکوں سب کیلئے بھی کمیشن لیا جارہا ہے ۔