پاکستان

سلامتی کونسل مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے یکطرفہ اقدامات کا فوری نوٹس لے: وزیرخارجہ

630ad824bf2f9اسلام آباد15اکتوبر(کے ایم ایس) وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ سلامتی کونسل کو غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے جاری غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وزیر خارجہ نے یہ بات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک مکتوب میں کہی ہے۔دفترخارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ وزیر خارجہ نے اپنے خط میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے جس میں خاص طور پر بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیرمیںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے جاری غیر قانونی اقدامات کاحوالہ دیاگیاہے۔وزیر خارجہ نے بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ انہوںنے یاددلایاکہ بھارت کی جانب سے 5اگست 2019سے کئے گئے یکطرفہ اقدامات اورمقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی جاری منظم کوششیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اورچوتھے جنیواکنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی حکومت خطے میں آئندہ انتخابات سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیر میں 25لاکھ نئے ووٹرز کو رجسٹر کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں مداخلت کرکے مزید تبدیلی لائی جا سکے۔وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کی واحد قانونی بنیاد سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے ریاست کے حتمی فیصلے کا تعین کیا گیا ہے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے جاری غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو یاد دلانا چاہیے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اورکشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود تعین کریں گے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکریٹری جنرل پر بھی زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس کوششیں کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button