مودی حکومت کی کوششوں کے برعکس وادی کشمیر کی پنڈت کمیونٹی کی طرف سے مسلمانوں کی تعریف
سرینگر 25اکتوبر (کے ایم ایس)
مودی کی ہندوتوا حکومت کی جانب سے جدوجہدآزادی کشمیر کو بدنام کرنے کیلئے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت اور اقلیتی برادریوں کے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششوں کے برعکس پنڈت برادری مشکل کی ہر گھڑی میں ساتھ دینے پر اپنے مسلمان بھائیوں کی تعریف کر رہی ہے ۔
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گائوں کلوسہ میں ہندو مسلم بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا دہائیوں پرانارشتہ قائم ہے ۔مٹھی بھر کشمیری پنڈت خاندان جو وادی کشمیرمیں مقیم ہیں اور مسلمانوں نے ان کے ساتھ اپنی دہائیوں پرانی روایات،رسم و رواج اور دوستی کو جاری رکھا ہوا ہے ۔کلوسہ کے رہائشی کشمیری پنڈت چمن لال کول نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مسلمان بھائیوں کی ہمارے تہواروں میں شرکت کے بغیر ہماری خوشی مکمل نہیں ہوتی۔ ایک ریٹائرڈ ٹیچر جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد مقامی مسلمانوں میں پڑھایانے کہاکہ ہم اپنی تمام خوشیوں اور غموں میں ایک ساتھ کا ساتھ دیتے ہیں۔ہفتے کے روز جب ایک پنڈت موتی لال بٹ کا انتقال ہواتو مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے کشمیری پنڈتوں کے ہمراہ اس کی آخری رسومات ادا کیں ۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مسلمانوں نے کشمیری پنڈت کی آخری رسومات ادا کیں ہیں ۔اسی طرح دیوالی کے موقع پر بھی پنڈتوں نے مسلمانوں میں تحائف اورخوشیوں کا تبادلہ کیا ۔