آزاد کشمیر

عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے : مقررین کانفرنس

مظفرآباد11جنوری(کے ایم ایس) آزاد جموں وکشمیر میںحزب اقتدار اورحزب اختلاف کی جماعتوں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اورنمائندوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری ،اداروں اورتنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق راجہ نجابت حسین کی قیادت میںیورپ اور برطانیہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے کام کرنے والی تنظیم جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک اور تعاون سے خواتین اورنوجوان کانفرنس کا انعقاد کیاجس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مقررین نے سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے روایتی اعلانات اور یقین دہانیوں سے آگے بڑھ کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زوردیا ۔ مقررین نے عالمی اداروں اور طاقتوں کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ گزرجانے کے باوجودعالمی اداروں اور طاقتوں نے تنازعہ کشمیر حل کرانے ا ور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں ۔انہوں نے کہاکہ اس کی وجہ سے خطے کے کروڑوں افراد نہ صرف اپنی آزادی کے بنیادی حق سے مسلسل محروم ہیں بلکہ بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات اور کارروائیوں سے پورے خطے کا امن اور سلامتی خطرے سے دوچار ہے۔ مقررین نے کہاکہ بھارت کیطرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے سنگین مظالم کی روک تھام کے لئے عالمی برادری اوراداروں نے اپناحقیقی کردار ادا نہیں کیا۔ کانفرنس میںتحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاگیا کہ تارکین وطن کشمیریوں اور ان کے نمائندوں نے سالہاسال برطانیہ، امریکہ اوریورپی و اسلامی ممالک میں کشمیر کاز کو اجاگر کرنے اور عالمی برادری اور اداروں کوبھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں۔ کانفرنس میں برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی ڈپٹی لارڈ مئیر کونسلر یاسمین ڈار نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ راجہ نجابت حسین کی صدارت میں منعقد ہونے والی کانفرنس سے حکومت آزاد کشمیر کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ترجمان اور پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی، مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی نثارہ عباسی، سابق ڈی جی کشمیر لبریشن سیل خواتین ونگ نصرت درانی،آزاد کشمیر یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر،مسلم کانفرنس کی خاتون رہنما میمونہ کیانی ایڈوکیٹ اور دیگرنے خطاب کیا۔ کانفرنس میں خواتین رہنمائوں، نوجوان کارکنوں، آزاد کشمیر یونیورسٹی اور دیگر تنظیموں اور اداروں کے علاوہ جموں و کشمیر لبریشن کمیشن کے میڈیا کو آرڈینیٹر سردار علی شان نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button