گجرات میں2002کے مسلم کش فسادات میں مودی کے کردار سے متعلق بی بی سی کی دستاویزی فلم جاری
لندن 18جنوری(کے ایم ایس)
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر دو قسطوں پر مشتمل ایک سیریز ریلیز کر دی ہے جس کا عنوان ہے "انڈیا: دی مودی کوسچن "۔ یہ سیریز 2002میں گجرات میں مسلم کش فسادات میں ان کے کردار سے متعلق ہے ۔ فسادات میں 2 ہزار سے زیادہ مسلمانوںکو قتل کیاگیا تھا ۔
بی بی سی کی سیریز میں جائزہ لیا گیا ہے کہ کس طرح "بھارت میں نریندر مودی کی وزارت عظمی مسلسل مسلمانوں سے متعلق ان کے رویے کے بارے میں الزامات کی زد میں ہے ۔ سیریز میں مسلمانوں سے متعلق مودی پر عائد کئے گئے الزامات سے متعلق حقائق کو سامنے لایاگیا ہے اور بھارت کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت (مسلمانوں ) کے بارے میں نریندر مودی کی طرزسیاست کا جائزہ لینے کیلئے ان کی پس پردہ کہانی بیان کی گئی ہے ۔بی بی سی کی سیریز میں 2002کے گجرات فسادات اورمتنازعہ قانون شہریت کے نفاذ میں ان کے کردار کوبھی زیر بحث لایا گیا ہے ۔تاہم بی بی سی کی پالیسی کی وجہ سے یہ سیریز صرف برطانیہ میں دیکھی جاسکتی ہے ۔