مقبوضہ جموں و کشمیر
عام شہریوں کے قتل کے خلاف سرینگر ،جموں میں احتجاجی مظاہرے
سرینگر11اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری مسلم خواتین نے عام شہریوں کے قتل کے خلاف سرینگر میں موم بتیاں جلاکر احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خواتین کا ایک گروپ لالچوک سرینگر میں گھنٹہ گھر کے قریب نمودار ہوا اور علاقے میں قتل و غارت پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ قابض حکومت لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ خواتین نے کہا کہ سال 2021 میں کشمیر میں ہونے والی 30 شہری ہلاکتوں میں سے 26 مسلمان تھے۔
دریں اثنا ءکشمیری پنڈتوں نے وادی میں اپنی برادری کے افراد کے قتل کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔