مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں:”یوم یکجہتی کشمیر“منانے پر پاکستانی عوام ، حکومت کا شکریہ
سرینگر03فروری(کے ایم ایس)5فروری(اتوار) کو منائے جانے والے ”یوم یکجہتی کشمیر“ کے سلسلے میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں ۔ پوسٹروں کے ذریعے”یوم یکجہتی کشمیر“ منانے اور محکوم کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور خلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ پوسٹر جموں وکشمیر لبریشن الائنس، جموں کشمیر صدائے مظلوم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ نے سری نگر، بارہمولہ اور پلوامہ اضلاع میں چسپاں کیے ہیں۔ پوسٹروں میں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر حمید فیاض، مشتاق الاسلام اور دیگر مزاحمتی رہنماﺅں کی تصاویر موجود ہیں۔
پوسٹروں میں میں لکھا ہے کہ دو قومی نظریے کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جس پر بھارت نے اکتوبر 1947 میں فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما لیاہے ، کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت اور غیر قانونی بھارتی قبضے کے خاتمے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
پوسٹرز کے ذریعے بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے کشمیریوں عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔