کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے شہید الطا ف شاہ کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید سینئر حریت رہنما الطاف احمد شاہ کو انکی پہلی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف احمد شاہ جوبابائے حریت شہید سید علی گیلانی کے داماد تھے، 2017میں گرفتاری کے بعد سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند تھے اور وہ گردوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔ان کا گزشتہ سال جیل میں انتقال ہو گیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان، تحریک حریت جموں وکشمیر، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال اور جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین مولانا مصیب ندوی نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ الطاف احمد شاہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیااور بھارتی جیل میں ان کا دوران حراست انتقال ہندوتوا مودی حکومت کی ایک گہری سازش تھی جس کے تحت حریت قیادت کو جیلوں میں ہدف بنایا جا رہا تھا۔انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں بشمول حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان اور دیگر کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ انہوں نے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر بھی زور دیا۔
ادھرکشمیر بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ بھارتی جیل میں الطاف شاہ کی وفات دوران حراست قتل کا ایک واضح کیس ہے اور بھارتی عدلیہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی زندگیوں کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔
دریں اثنائالطا ف احمد شاہ کو انکی پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام کنوینر محمود احمد ساغر کے زیر صدارت ایک دعائیہ مجلس منعقد کی گئی ۔اجلاس کے شرکاء نے الطاف شاہ کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ الطاف شاہ بھارت کے ظلم و استبداد کے خلاف سینہ سپر رہے اور،تحریک آزادی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، جنہیں طویل عرصے تک یاد رکھا جائیگا۔