مودی حکومت ملک میں جمہوریت کو کمزورکر رہی ہے ، کانگریس
نئی دہلی15 مارچ (کے ایم ایس)انڈین نیشنل کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت ایک تاجر کو بچانے کے لیے ملک میں جمہوریت کو کمزور کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کی ترجمان Supriya Shrinate نے آج نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں جو کچھ کر رہی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو بچانامیڈیا سمیتہم سب کا فرض ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جمہوریت کو تباہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اڈانی گروپ کے بارے میں کوئی بھی بات سننے کیلئے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ارکان نے پارلیمنٹ کو یرغمال بنا رکھا ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ کے اندر اڈانی گروپ کے خلاف کوئی بات کی جائے۔ جب ایک کانگریس رکن پارلیمنٹ میں اڈانی کے بارے میں بولتا ہے تو اس کی تقریر کے 18 حصوں کو خارج کردیا جاتا ہے اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن رہنما کی پوری تقریر خارج کردی جاتی ہے، کیا یہ جمہوریت کو کمزورکرنے کی سعی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور یہ ایجنسیاں زعفرانی پارٹی کی کٹھ پتلی بن چکی ہیں۔