پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی یوم پاکستان پرپاکستانی عوام کومبارکباد

اقوام متحدہ23 مارچ (کے ایم ایس)
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے23مارچ یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کومبارکبادد یتے ہوئے کہا ہے کہ 83سال قبل آج کے ہی دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن یعنی پاکستان کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پاکستان منظور کی تھی۔
منیر اکرم نے ایک پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے تمام قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم ہندوستانی قبضے میں رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے مصائب کا مشاہدہ کرتے ہیں، جیسا کہ ہم ہندوستان کے 20کروڑ مسلمانوں کے خلاف سرکاری طور پر منظور شدہ امتیازی سلوک اور تشدد کو دیکھتے ہیں، ہم شکر ادا کیے بغیر نہیں رہ سکتے ان آزادیوں کے لیے جو ہمیں بطور پاکستانی اپنی آزاد اور خود مختار ریاست میں حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے بانی کی دور اندیشی اور طاقت تھی جس نے ہمیں آزادی دلائی اوراس لیے ہمیں اس دن کو بڑے فخر کے ساتھ بلکہ گہری خود شناسی کے ساتھ منانا چاہیے ہمیں اپنے اصلاف کی حکمت اور استقامت کو یاد رکھنا چاہیے ہمیں آزادی کی شعلے کو زندہ رکھنا ہے اور اپنی کامیابیوں کا جشن منانا چاہیے۔منیر اکرم نے کہا کہ اس دن میں اپنے ان مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہوں گا جو آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں ظلم و ستم کا شکار ہیں۔پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ میں اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہماری قوم کو مسلسل طاقت سے نوازے اور ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے لیے اپنے عظیم بانی باپ کی پکار پر عمل کرنے کی عقل عطا کرے۔ اللہ ہمارا اور پاکستانی قوم کا حامی و ناصر ہو۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button