صدر ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے کشمیریوں کی بھرپور تائید و حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد14اگست(کے ایم ایس)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے برسر جدوجہد کشمیریوں کی پاکستان کی طرف سے بھرپور تائید و حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر عارف علوی نے پاکستان کے76 ویں یوم آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہاکہ انشااللہ کشمیر پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام ِ پاکستان کا مقصدآزاد مسلم ریاست کا قیام تھا تاکہ برصغیر کے مسلمان اسلامی اصولوں کے مطابق اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول کا ایک اور مقصد جمہوریت، آزادی ، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کا بول بالا تھا، ملک کا آئین بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ صدر مملکت نے کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، خاتون اول، اعلی سول و عسکری حکام اور غیر ملکی سفارتکاروں سمیت طلباو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس سے قبل یوم آزادی کے سلسلے میں جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ آئیں ، آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر میں دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔ 2019میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے سمیت ، بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے ماورائے عدالت قتل، تشدد اور غیر قانونی حراستوں کی صورت میں وادی کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید سنگین کردیاہے۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ان کے جائز حق خودارادیت کیلئے غیر متزلزل اور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔صدرمملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں پوری پاکستانی قوم سے درخواست کی کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کیلئے دل و جان سے کام کریں۔